علم، تعزیے اور ذوالجناح کیساتھ اسلام آباد میں شہدائے کربلا کی یاد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس

74

اسلام آباد،16جولائی  (اے پی پی):ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حضرت امام حسینؓ اور خانوادے کے دیگر شہدائے کربلا کی یاد میں عاشورہ محرم الحرام کے سلسلہ میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس منگل  کو مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری جی سکس ٹو سے علم، تعزیے اور ذوالجناح کے ساتھ برآمد ہوا اور اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا مقام آغاز پر اختتام پذیر ہو گیا۔

ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ  اور خانوادے کے دیگر شہدائے کربلا کی یاد میں یوم  عاشور(کل)10 محرم الحرام بدھ کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہو گا۔

اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کے موقع پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے  تعزیے ، علم اورذوالجناح کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے اورمرکزی جلوس میں شامل ہوئے، مرکزی جلوس منگل  کو برآمد ہوا اور اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستوں پر سبیلوں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا اور جلوس کے شرکا کی دودھ، شربتوں اور کھانوں کے ساتھ تواضع کی گئی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  اسلام آباد میں مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور عزاداروں کی حفاظت کیلئےکئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیرداخلہ نے جلوس کےروٹ کا معائنہ کیا، مرکزی جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کےبارے  میں بھی دریافت کیا۔منتظمین نے  سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا۔

 نویں محرم الحرام کے جلوسوں کے ساتھ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے اور جلوس کے شرکاء کی سہولت کے لئے سی ڈی اے کے واٹر ٹینکرز، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، سٹریٹ لائٹس، انوائرمنٹ عملہ، فائر برگیڈ، واپڈا کے اہلکار تعینات تھے جبکہ دیگر ایمبولینس سروسز نے بھی جلوس کے منتظمین اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاونت کی، پولی کلینک اور پمز ہسپتال کے علاوہ سی ڈی اے ہسپتال میں بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فول پروف سکیورٹی حکمت عملی کی بدولت جلوس پرامن طور پر اپنے  مقام پر اختتام پذیر ہو گیا۔