اسلام آباد،13جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس ٹریڈ، اکنامک، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مسلسل فروغ دے رہے ہیں،فرانس پاکستان میں معدنیات، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوار میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے ۔
وفاقی وزیر نجکاری نے فرانس کے قومی دن کے موقع پر سفارت خا نہ میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزارت نجکاری کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے مہمانوں کااستقبال کیا اور فرانس کےقومی دن کی تاریخ سے شرکا کو آگاہ کیا۔ تقریب میں وفاقی وزراء، سینٹرز، اراکین اسمبلی، سفارت کاروں اور نمایاں سیاسی، کاروباری و سماجی شخصیات نے بھی شرکت۔
اس موقع پر کاپاکستان اور فرانس کے مابین دوطرفہ دوستانہ تعلقات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں ماہ فرانس میں اولمپکس گیمز کا انعقاد ہو رہا ہے اور پاکستان سے اتھلیٹ و دیگر کی شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس ٹریڈ، اکنامک، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مسلسل فروغ دے رہے ہیں، گزشتہ برس دونوں ممالک کا دوطرفہ تعاون کے روڈ میپ پر اتفاق قابل ستائش ہے، فرانس پاکستان میں معدنیات، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوار میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے،فرانس میں ایک لاکھ 25 ہزار پاکستانی مقیم جبکہ ہزاروں سٹوڈنٹس تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان فرانس سمیت یورپی ممالک سے تعلقات کو اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،تاریخی اعتبار سے شاندار روایات کے حامل فرانس کے عوام ترقی کے لئے بھی مستقل مزاج ہیں۔
فرانس کے قومی دن پروفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے تقریب کے شرکا کو مبارکباد بھی دی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سینٹرز شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی فرانس کے قومی دن کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔