اسلام آباد،25جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ فرٹیلائزر کمپنیاں ملک کے ہر ضلع میں کسانوں کی سہولت کے لیے ماڈل سینٹرز کا آغاز کریں،کسانوں کی سہولت اور زرعی ترقی کے لیے کھاد کمپنیوں کی جانب سے ہر ضلع میں ماڈل سینٹرز کھولے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنی زیر صدارت ہونے والے فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کا مقصد ملک میں کھاد کے سٹاک کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لینا تھا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ کسانوں کی سہولت اور زرعی ترقی کے لیے کھاد کمپنیوں کی جانب سے ہر ضلع میں ماڈل سینٹرز کھولے جائیں گے، کسان سینٹرز پر اصل قیمت پر کھاد خرید سکیں گے، حکومتی اقدام سے ایجنسیوں اور ڈیلرز کی ہیرا پھیری کا خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے گزشتہ ہفتے چند ماڈل سینٹرز کا افتتاح کیا ہے، اینگرو فرٹیلائزر کمپنی ترجیحی بنیادوں پر ماڈل سینٹرز کے قیام کی تجاویز شیئر کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مڈل مین اور ایجنسیوں کے ہاتھوں کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں ہیرا پھیری پر صوبوں کو سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ۔ کمیٹی کی جانب سے فرٹيلائزر کی اسٹاک اویلیبلٹی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔