اسلام آباد، جولائی 09 (اے پی پی): نیشنل کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن کے زیر اہتمام ’’فن پرورش ‘‘کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود، چیئرمین نیشنل کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار اور دیگر شرکاء نے شرکت کی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کی طرف جانا نا گزیر ہے، آبادی کا بڑا حصہ محدود وسائل کی وجہ سے بھی بچوں کی بہتر پرورش اور تربیت نہیں کر پاتے۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا تھا کہ بچوں کواصل توجہ جس عمر میں چاہیے ہوتی ہے وہ اس سے محروم رہتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر نگرانی ایسے اقدامات و پروگرام لا رہے ہیں جن سے ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
فن پرورش پر قومی پالیسی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ذریعے ہم نوجوانوں کی تربیت و ترقی میں آگے بڑھ رہے ہیں، ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہماری نوجوان نسل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل بدتمیزی کا کلچرجس طرح پروان چڑھا ہے اس سے کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
چیئرمین نیشنل کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت پاکستان نے فن پرورش سیکھنے اور سیکھانے کے حوالے سے سٹیرنگ کمیٹی قائم کی ہے،دنیا بھر میں اس فن کی ضرورت ہے جس سے قومیں اپنی نسلوں کی تربیت کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئی۔