فیصل آباد،09 جولائی(اے پی پی):اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے منگل کو میٹرک(کلاس دہم) کے پہلے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا جس میں 174568طلباوطالبات نے شمولیت اختیار کی جن میں سے 139213طلباوطالبات پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 79.75 فیصد رہا۔
چیئر پرسن تعلیمی بورڈ و کمشنر فیصل آبادسلوت سعیدنے صبح10 بجے لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کررزلٹ کوآن لائن کیا۔مذکورہ امتحان میں مجموعی طور پرڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد کی طالبہ عروج فاطمہ رول نمبر 411070نے 1189نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دو طالب علموں محمد فائق رول نمبر472105گورنمنٹ ہائی سکول 239 ر ب فیصل آباد اور علی احمد رول نمبر 526868 ڈویژنل پبلک سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ نے 1187نمبر لے کر دوسری پوزیشنز حاصل کیں۔اسی طرح دی ا یجو کیٹرز پولیس پبلک سکول سول لائن فیصل آبادکے معظم طفیل رول نمبر 486577 نے 1186نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن تعلیمی بورڈسلوت سعیدنے کہاکہ یہ بچے ہمارا سرمایہ ہیں،معاشرے والدین اور اساتذہ کے سفیر ہیں۔انہوں نے کہاکہ آ ج کی یہ تقریب ان نونہالوں کیلئے ہے جن کا سفر لمبا ہے جس میں مشکلات آتی ہیں لیکن اللہ کی طرف سے والدین اور اساتذہ کی صورت میں سہارے دیئے گئے ہیں جن کے باعث یہ بچے کامیاب ہوتے ہیں کیونکہ والدین اور اساتذہ ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کا خیال رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ بچے دوسرے بچوں کیلئے مشعل راہ بن گئے ہیں اور اپنے لئے اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنائیں گے اور دنیا میں جہاں بھی جائیں گے پاکستان کی نمائندگی بہترین انداز میں کریں گے۔
چیئر پرسن نے کہا کہ یہ سر زمین ہماری پہچان اور عزت کا باعث ہے۔آپ نے ملک اساتذہ اور والدین کی سربلندی کیلئے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج آپ نے جو سفر شروع کیا ہے یہ ایک بھاری ذمہ داری ہے کہ آپ پوری توجہ،محنت،لگن اور جذبے سے ملک کو لوٹائیں۔آپ نے ملک والدین اور اساتذہ کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دینی۔
تقریب میں چیئر پرسن تعلیمی بورڈ فیصل آبادسلوت سعید، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر جعفر علی، سیکرٹری تعلیمی بورڈڈاکٹر حبیب الرحمن اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن نے تمام پوزیشن ہولڈر بچوں میں میڈلز،کیش انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے تاہم مجموعی طور پر بورڈ ٹاپ کرنے والی طالبہ عروج فاطمہ کو بورڈ کی جانب سے لیپ ٹاپ کا خصوصی انعام بھی دیا گیا۔پہلی پوزیشن لینے والے بچے کو 20ہزار نقد کیش، دوسری پوزیشن لینے والے بچے کو 15ہزار جبکہ تیسری پوزیشن لینے والے بچوں کو 10ہزار کے نقد انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر کنٹرولر امتحانات اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد ڈاکٹر محمد جعفر علی نے کہاکہ فیصل آباد بورڈ جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ فول پروف اور دہلیز پر خدمات سر انجام دے رہا ہے جس کی بنیاد شفافیت، دیانت داری،مستقل مزاجی اور عمل پیہم کے چار بنیادی اصول ہیں۔انہوں نے کہاکہ آن لائن داخلہ محفوظ امتحانی مراکز کا قیام و انتظام،رول نمبر سلپ کا اجرا،پرچہ جات کی مارکنگ انتہائی راز داری اور شفاف انداز سے رزلٹ کی تیاری میں بورڈ کے کارکن سے لے کر آفیسر تک مکمل تندہی اور ذمہ داری سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتے ہیں۔
کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ چیئر پرسن کی سپر ویژن اور سیکرٹری بورڈ کی کوآرڈی نیشن سے بورڈ کے ہر شعبے میں واضح بہتری اور امتحانی نظام کی کوالٹی اور معیار بہتر ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ یکم مارچ 2024سے شروع ہونے والا یہ امتحان 5اپریل 2024کو اختتام پذیر ہوا جس میں مجموعی طور پر 174568امیدواران نے شمولیت کی جن میں سے 139213 امیدواران کامیاب ہوئے اور کامیابی کا مجموعی تناسب 79.75 فیصد رہا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سائنس گروپ میں کل 141305 امیدواران میدان میں تھے جن میں سے 116986امیدواران نے کامیابی اپنے نام کی اور کامیابی کا تناسب 82.79فیصد رہا۔
جنرل گروپ کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل 33263 امیدواران نے امتحان میں شرکت کی جبکہ 22227امیدوار کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 66.82فیصد رہا۔سیکرٹری تعلیمی بورڈ و ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز فیصل آباد ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ جو محنت کرتا ہے اس کا صلہ ایک نہ ایک دن ضرور ملتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بچوں نے ثابت کیا ہے کہ زرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔
سیکرٹری تعلیمی بورڈ نے کہاکہ چیئر پرسن، والدین اور اساتذہ کا پروقار تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور تمام پوزیشن ہولڈرز بچوں ان کے والدین اور اساتذہ کو ان کی کامیابی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔