قصور، 30 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات قصور انجینئر محمد عمران نے سموگ کا باعث بننے والے چربی پگھلانے والے کارخانوں کیخلاف ایکشن لے لیا۔10کارخانوں کو سیل کر کے مالکان کیخلاف مقدمات کیلئے استغاثے جمع کروا دیئے گئے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات نے دیگر افسران کے ہمراہ نیاز نگر اور دیگر علاقوں میں یہ ایکشن لیا۔ چند روز قبل چربی پگھلانے والے کارخانوں کیخلاف ایکشن لیا گیا تھا۔ ان میں سے 10کارخانہ مالکان دوبارہ سے وہی پلاسٹک ویسٹ وغیرہ جلاتے ہوئے پائے گئے۔
محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 10چربی پگھلانے والے کارخانوں کو سیل کر دیا۔ مالکان کیخلاف تھانہ بی ڈویژن میں ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے استغاثے جمع کروا دیے گئے،یہ کارروائیاں ماحول کو آلودہ کرنے والے ایندھن کی روک تھام تک جاری رہیں گی۔