قصور،01جولائی(اے پی پی): قصورمیں اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑنے کے بعد مرکزی ملزم کو گرفتارکرلیاگیا۔تھانہ سٹی پتوکی پولیس کا سرچ آپریشن، سرچ آپریشن کے دوران بھیڈیاں پتوکی میں ایک گھر سے اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد،2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ملزمان کے قبضہ سے 14 آٹو میٹک رائفلز، 20 پسٹلز،70 سے زائد میگزین اور سینکڑوں تعداد میں گولیاں و کارتوس برآمد ہوئے۔
پولیس ترجمان قصورکے مطابق محرم الحرام کی آمد سے قبل ایس ایچ او سٹی پتوکی محمد اسلم بھٹی کی سربراہی میں سرچ آپریشن کیا گیا تھا،سرچ آپریشن کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا تھا، ملزمان سے برآمد ہونیوالا اسلحہ مختلف کریمنلز ایکٹیویٹیز میں استعمال ہونا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی ملزم عرفان اپنے گودام سے بقایا اسلحہ لیکر فرار ہو رہا تھا کہ تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے اسلحہ سے بھری آلٹو کار سمیت گرفتار کر لیا۔ملزم عرفان بھٹہ غیر قانونی طور پر پشاور سے اسلحہ اور ایمونیشن خرید کر پتوکی اور گردونواح میں جرائم پیشہ ملزمان کو فروخت کرتا تھا۔ تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے ملزمان کے خلاف آرمز آرڈیننس کے مختلف دفعات کے مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی۔