کراچی، 24 جولائی (اے پی پی): چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے قومی کھیل کی شان کو بحال کرنے کے لیے ملک میں پہلی ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔
کراچی یونیورسٹی کے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم کا اسپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا اور انہیں جدید ترین تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، والی بال اور دیگر کھیلوں کے لیے 10 سپورٹس اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے قومی کھیل کی ماضی کی شان کو بحال کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے نتیجے میں 13 سال بعد پاکستان ہاکی ٹیم کسی انٹرنیشنل ایونٹ کے فائنل میں پہنچی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاکی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ہاکی کلبوں کی جانب سے مدعو کیا جا رہا ہے اور وہ وہاں کے اسپورٹس کلب میں شمولیت کے لیے آسٹریلیا روانہ ہونے کو تیار ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو پھلنے پھولنے کے لیے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کی سرپرستی میں پی ایم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام انہیں نئی امید اور مستقبل فراہم کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے چند ماہ میں کھیلوں کے میدان بھی ہمارے باصلاحیت نوجوانوں سے بھرے نظر آئیں گے اور قوم تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کرتی نظر آئے گی۔