لاہور؛نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر

18

لاہور، 17 جولائی (اے پی پی): ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی یوم عاشورہ نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔صوبائی دارلحکومت میں اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا یوم عاشورہ کا تاریخی مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگیا۔ مرکزی جلوس قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچا۔ جلوس کی برآمدگی کے بعد کشمیری مسجد محلہ شیعاں میں اذان علی اکبر دی گئی۔

 شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی رات نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔ ماتم حسین کی صدا بلند ہوتے ہی شبیہہ ذوالجناح برآمد کی گئی۔ مرکزی جلوس حسب روایت جب فجر کے وقت مسجد کشمیریاں محلہ شیعاں پہنچا تو وہاں شہزادہ علی اکبر کی اذان کی یاد میں اذان علی اکبر دی گئی۔عزادار جلوس میں کربلا کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرکے شب بھر ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ رنگ محل میں جلوس کے شرکا نے نماز ظہرین ادا کی۔عاشورہ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے نکل کر بعداز نماز مغرب اپنی منزل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ جس کے بعد مجلس شام غریباں برپا کی گئی۔

لاہور کے مختلف مقامات پر شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس بھی نکالے گئے جس میں شریک عزاداروں نے ماتم اور زنجیر زنی کی اور یہ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔ مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، جلوس کے روٹ کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے تھے، مرکزی جلوس کی 1000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی ۔ مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 11 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ و نگرانی کیلئے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔ انھوں نے محکمہ داخلہ اور پنجاب پولیس کے سنٹرل کنٹرول رومز ،سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، مرکزی عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا ،تمام حساس مقامات کو اضافی پورٹ ایبل کیمروں کے ذریعے کور کیا گیا ہے۔

آئی جی نے سرپرائز فیلڈ وزٹ کرتے ہوئے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی عزاداروں کی حفاظت کےلئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے جلوس کےروٹ کا معائنہ کیا، مرکزی جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کےبارے دریافت کیا ۔ منتظمین کی جانب سے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔