اسلام آباد,27جولائی (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند کوہالہ۔ مظفر آباد روڈ (ایس ٹو) کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے ۔ ترجمان این ایچ اے کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ڈولئی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کوہالہ ۔ مظفر آباد روڈ بند ہو گئی ہے۔ این ایچ اے کا عملہ بھاری مشینری کے ہمراہ ملبے کو ہٹانے میں مصروف عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک مسافر بس راستے میں پھنس گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، جسے نکالنے کے لئے این ایچ اے اور متعلقہ ایمرجنسی اداروں کی کوششیں جاری ہیں ۔ محتاط اندازے کے مطابق سڑک کو چند گھنٹوں میں ہلکی ٹریفک کے لئے بحال کر دیا جائے گا ۔ ترجمان نے کہا کہ عوام سے التماس ہے کہ کوہالہ۔ مظفرآباد شاہراہ پر سفر سے فی الحال گریز کریں۔ شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال ہونے پر عوام کو میڈیا کے ذریعے مطلع کر دیا جائے گا۔