مارگلہ پہاڑیوں پر شجر کاری کی بڑی مہم،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ پہاڑیوں کی بحالی کے پروگرام کا آغاز کر دیا

12

اسلام آباد،04 جولائی (اے پی پی):مارگلہ پہاڑیوں پر شجر کاری کی بڑی مہم،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ پہاڑیوں کی بحالی کے پروگرام کا آغاز کر دیا۔

جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں سی ڈی اے کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ڈی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے مارگلہ ہلز کے حسن کو بحال کرنے کا سوچا،امید ہے کہ یہ منصوبہ حقیقت کا روپ دھارے گا،یہ منصوبہ ان منصوبوں میں شامل نہیں ہو گا جن کا کوئی والی وارث نہیں۔انہوں نے کہا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں میں گزشتہ دنوں میں کئی بار آگ لگی، اس میں کئی عوامل شامل تھے،اسلام آباد انتظامیہ نے اس ضمن میں کئی لوگوں کو گرفتار کیا ہے، تمام فائر فائٹرز جنہوں نے دن رات کام کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔اس کے علاوہ عید کے دنوں میں جن ورکرز نے دن رات صفائی کے لئے کام کیا وہ بھی شاباش کے حقدار ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سرینا چوک میں انڈر پاس  اور ایف نائن پارک چوک میں فلائی اوور کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی۔ اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے ان منصوبوں کی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، ان منصوبوں سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی، طویل مدت سے زیر التوا ایکسپریس ہائی وے بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، مارگلہ ایوینیو کو موٹر وے سے منسلک کیا جائے گا جس سے مسافروں کیلئے اسلام آباد پہنچنے میں آسانی پیدا ہو گی، اس منصوبے سے موٹر وے سے ایوان صدر تک فاصلہ 15 سے 20 منٹ  میں طے ہو گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں اسلام آباد کے جرائم میں 57 فیصد کمی آئی ہے، جس سے شہریوں کو ریلیف ملا ہے۔اس وقت اسلام آباد انتظامیہ میں بہترین ٹیم کام کر رہی ہے،انشا اللہ آپ کو ہم سب کی محنت نظر آئے گی،آپ اس ٹیم کی وجہ سے شہر میں ایک سال کے اندر بہتری دیکھیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ، وہیکلز ٹریکنگ اور ای آفس سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔وزیرداخلہ نے سلفی ود ٹری، ایچ آر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور کال سنٹر کا بھی باضابطہ افتتاح کیا۔

تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی،سی ڈی اے کے حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔