ماڈرنائزڈ انسپکشن ریجیم پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد  

9

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر، بورڈ آف انویسٹمنٹ نے اسلام آباد انتظامیہ کے لیے ماڈرنائزڈ انسپکشن ریجیم (MIR) پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری، نجکاری اور مواصلات   عبدالعلیم خان نے ورکشاپ کے نام اپنے پیغام میں جدید معائنہ کے نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک میں موجودہ معائنہ کے نظام کو از سر نو بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے کہ پاکستان میں کاروبار آسانی سے کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں وزیر اعظم کی طرف سے منظور کردہ آسان کاروبار ایکٹ بھی کاروباری ماحول کی فراہمی کی  سمت میں ایک قدم ہے۔

ورکشاپ میں وفاقی وزارتوں/محکموں، ICT، MCI، CDA اور IHRA، اور FPCCI، ICCI، RCCI، IWCCI، PBC سمیت نجی شعبوں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔

ورکشاپ نے موجودہ معائنہ کے نظام، ای-آتھورائزیشن، معائنہ کے سلسلے میں بین الاقوامی بہترین طریقوں اور اسلام آباد کے لیے جدید معائنہ کے نظام کو کلائنٹ فیڈ بیک میکانزم کے ساتھ ضم کرنے اور بنانے کے امکانات پر توجہ مرکوز کی۔

سیکرٹری  سرمایہ کاری بورڈ رحیم حیات قریشی اور ایڈیشنل سیکرٹری  سرمایہ کاری بورڈ عنبرین افتخار نے بھی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ کی سفارشات وزیراعظم آفس کو پیش کی جائیں گی تاکہ اسلام آباد میں ماڈرنائزڈ انسپکشن رجیم کے آغاز کو پائلٹ کیس کے طور پر اور اس کے بعد اپنایا جا سکے۔