محرم الحرام جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پرعملدرآمد کیا جائے گا،آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ

11

کوئٹہ 04 جولائی (اے پی پی)محرم الحرام کے حوالے سے آئی جی پولیس بلوچستا ن کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات سمیت شیعہ کانفرنس کے عہدیداران اور سنی علماﺅ معززین سمیت انجمن تاجران اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرام الحرا م کے دوران سیکورٹی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات پر فورس کے جوانوں سمیت نصب سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی۔

محرم الحرام کے دوران پولیس کا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل تیار ہے۔مجالسِ، جلوسوں و دیگر حساس مقامات پر ڈسٹر کٹ پولیس کے علاوہ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی نگرانی کریں گے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا کہ محرم الحرام جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پرعملدرآمد کیا جائے گا،محرم الحرام کا مہینہ ہمیں بھائی چارے اور سب سے بڑھ کر صبر کا درس دیتا ہے۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ محرم الحرام میں صوبے بھر میں امن و امان کو برقر ار رکھنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے سیکورٹی پلان کے تحت شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سیکورٹی کا نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔