ڈیرہ اسماعیل خان،10 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد خٹک نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخواہ کے حساس ترین ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں ، پاک فوج بھی محرم الحرام کے ایام میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ معاونت کرے گی جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے ،جلوس کی گزر گاہوں سے متصل بالا خانے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر خالی کرا لیے گئے ہیں۔
ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد خٹک نے اپنے دفتر میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں امن ،محبت اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیتاہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان محرم الحرام کے دوران جنوبی اضلاع میں انتہائی حساس ضلع تصور کیا جاتا ہے تو محرم الحرام کے دوران یہاں پر انتظامات بھی اسی لحاظ سے کیے جاتے ہیں تاکہ ڈیرہ شہر کی حساسیت کے مطابق ہی فول پروف انتظامات کیے جا سکیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران دفعہ 144کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے، سرکاری اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ریسکیو 1122 ،محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے اہلکاران کو موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم سے آٹھ محرم الحرام تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری جبکہ نویں اور دسویں محرم کو موٹرسائیکل چلانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ کھلے عام پیٹرول کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر مردوخواتین اوربچوں کے بالکونیوں اورچھتوں پر کھڑے ہوکرجلوس دیکھنے پربھی مکمل پابندی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دفعہ 144 کا اطلاق یکم سے دس محرم الحرام تک کے لئے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے دعا گو ہیں اور اپنے تمام وسائل بروئے کارلا رہے ہیں ۔