مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں کسی کو قانون ہاتھوں میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی؛ میر ضیاء اللہ لانگو

11

کوئٹہ، 13 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت  اجلاس میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے دیے جانے والے دھرنے کے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کیتھران ، میر شعیب نوشیروانی ، بخت محمد کاکڑ، میر عاصم کرد گیلو ، پارلیمانی سیکرٹری میر برکت رند اور اراکین اسمبلی ملک نعیم خان بازئی محمد نواز کبیزئی، روی پہوجا، رحمت صالح بلوچ ، سید ظفر آغا اور سلمیٰ کاکڑ نے شرکت کی  ۔

اجلاس میں دھرنا کے  مظاہرین سے بات چیت کرنے کے لیے مذاکراتی کمیٹی قائم کی گئی ،  مذاکراتی کمیٹی صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ ، پارلیمانی سیکرٹری  ، میر لیاقت لہڑی اور رکن اسمبلی زرک خان مندوخیل سمیت کمشنر کوئٹہ اور ڈی جی پی ڈی ایم پر مشتمل ہوگی ،کمیٹی دھرنا شرکاء کے مطالبات پر ان سے بات چیت کرے گی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں کسی کو قانون ہاتھوں میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سریاب روڈ کوئٹہ پر گذشتہ 12 سے دنوں سے پر امن دھرنا جاری تھا ،اس دوران حکومت کی جانب سے  کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ہمارے صوبے کی اپنی روایات ہیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہے،ریڈ زون کی بجائے مظاہرین جہاں دھرنا دینا چاہتے ہیں انہیں نہیں روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افہام و تفہیم سے مسائل حل کئے جائیں ۔