لاہور 5 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیوٹا کی جاری ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت اور نئی سکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا ۔
چئیرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر نے ترقیاتی سکیموں بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بین الصوبائی سکل مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس کے علاؤہ چین کے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کے ساتھ اشتراک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیوٹا اور یوایم ٹی کے مابین اشتراک کا معاہدہ جلد ہوگا ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے ٹیوٹا کے اداروں کی اپ گریڈیشن کا عمل شروع کردیا ہے۔ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹیوٹا کے اداروں، لیبز اور نصاب کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے 2 اداروں میں 2سال تربیت مکمل کرنے والے 45 طلبہ کو تیسرے سال تربیت کیلئے چین بھجوایا جائے گا۔ طلباء کا یہ 45 رکنی وفد ستمبر میں چین جائے گا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں ہنر کی تعلیم مکمل کرنے والوں کو اداروں میں کھپانے کا پلان طلب بھی مرتب کیا جارہا ہے ۔
صوبائی وزیر نے ٹیوٹا کے اداروں میں حاضری کا بائیو میٹرک سسٹم جلد نصب کرنے کی ہدایت دی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ٹیوٹا کے 8 اداروں میں سولر ٹیکنالوجی کے کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔
اجلاس میں چئیرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر ،سینئر ڈی جی اختر عباس بھروانہ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔