مری،17 جولائی(اے پی پی): ملک بھر کی طرح مری میں بھی یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے، مال روڈ اور جی پی اوچوک کے تمام داخلی وخارجی راستے ہر قسم کی ٹریفک اورپیدل چلنے والے عوام کے لئے بند کر دیے گیے تھے جبکہ تمام راستوں پر پولیس تعینات کی گئی تھی۔
یوم عاشور کے موقع پر علم تعزیے اور ذوالجناح کے دو بڑے جلوس نکالے گئے ،پہلا بڑا جلوس مرکزی امام بارگاہ تحصیل روڈ سے بر آمد ہوا جو روایتی راستوں صدیق چوک لوئر بازار سے ہوتا ہوا جی پی چوک پہنچا جبکہ دوسرا بڑا جلوس امتیاز شہید روڈ سے ہوتا ہوا جی پی او چوک پہنچا ،یہاں پر شرکاء جلوس نے سینہ کوبی کی۔
اس موقع پر ذاکرین نے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی اور کہا کہ واقعہ کربلا تاریخ اسلام میں بڑی اہمیت کاحامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی شہادت ظلم اور جبر کے خلاف قیامت تک کے آنے والے انسانوں کے لئے ایک واضح سبق ہے۔