اسلام آباد، 22 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسمیاتی تبدیلی ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا، جس سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ماحول میں بہتری آئے گی۔
پیر کو سی ڈی اے کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارگلہ نیشنل پارک اسلام آباد، وفاقی حکومت کی پہچان ہے اور یہاں ہوا کا معیار باقی شہروں سے بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا شمار خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے، ہمیں فخر ہے کہ اسلام آباد ہمارا کیپیٹل ہے، اسلام آباد کے شہری شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں ، اپنے لگائے گئے درخت کو ایپلی کیشن کے ذریعے ٹریک کریں اس سے درختوں کی نشوونما اور بڑھوتری دیکھی جا سکے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں کاربن کا اخراج زیادہ ہے، ماحولیاتی تغیر کے اثرات سے نمٹنے میں ان ممالک کو پاکستان سے تعاون کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بقاءدرختوں کے ساتھ منسلک ہے، ہمیں درخت لگانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ پی بی اے سمیت تمام میڈیا اپنی نشریات کا کچھ حصہ موسمیاتی تغیر کے لئے مختص کرے، ٹی وی پروگراموں میں ٹی پلانٹیشن پر بات ہونی چاہئے، بطور شہری ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آب و ہوا کو صاف رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔