مشرق وسطیٰ کے ممالک بشمول اومان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے  نئی پالیسی “مڈل ایسٹ ری کنیکٹ” کا آغاز کیا جا رہا ہے ؛وفاقی وزیر جام کمال خان

13

اسلام آباد،23جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک بشمول اومان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے نئی پالیسی “مڈل ایسٹ ری کنیکٹ” کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابتسام الفروجی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی اومانی  وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں پاکستان اور اومان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارت تجارت اومان  میں نیا تجارتی مشن کھولنے کے عمل میں مصروف ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔انہوں  نے اومانی  سرمایہ کاروں کو دعوت دی  اور اس سلسلے میں مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 انہوں نے اومانی وفد کو پاکستان کے مختلف شعبوں جن میں آئی ٹی، کھیل،  توانائی کے قابل تجدید ذرائع اور پھلوں کے بارے میں آگاہ کیا اور سرمایہ کاری کے لیے مراعات بشمول سستی مزدوری، پورٹ ہینڈلنگ اور لاجسٹکس پر روشنی ڈالی۔

سربراہ اومانی  وفد  ابتسام الفروجی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر سٹیل، قابل تجدید توانائی اور دواسازی کی صنعت میں تجارت بڑھانے کے کافی امکانات  موجود ہیں۔ انہوں نے سستی گیس اور خام مال جیسی مراعات کی پیشکش کرتے ہوئے اومان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں پاکستانی سرمایہ کاری کو دعوت دی۔ انہوں نے وزیر تجارت کو بتایا کہ ان کی آج چیمبر آف کامرس سے دو ملاقاتیں ہوئی ہیں اور وہ کل اسلام آباد میں سیکٹرل بزنس میٹنگز کریں گی۔

دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے  لیے مسلسل بات چیت اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔