مشیر صحت پنجاب میجر جنرل(ر)ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا دورہ شیخ زید ہسپتال

36

رحیم یار خان، 03 جولائی (اے پی پی):مشیر صحت پنجاب میجر جنرل(ر)ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے  شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر خرم پرویز سمیت انتظامی افسران اور صحت حکام بھی ہمراہ موجود تھے۔مشیر صحت نے شیخ زید ہسپتال کا تفصیلی  دورہ کیا مریضوں کی خیریت دریافت کی۔

 صوبائی مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں مریضوں کا بے پناہ رش ہونے کے باوجود بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کہا کہ شیخ زید ہسپتال انتظامیہ بھی ایمرجنسی میں لوڈ کم کرنے کے لئے ترجیحی اقدامات کرے۔ایمرجنسی وارڈ کسی بھی ہسپتال کی کارکردگی جانچنے کا پہلا مرحلہ ہے اس پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو سو فیصد ادویات ہسپتال میں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے تعاون سے شیخ زید ہسپتال میں جدید سہولیات سے آراستہ کارڈیک سنٹر اس خطہ کی عوام کے لئے نعمت ہے۔ اعلیٰ معیار کا کارڈیک سنٹر کا تحفہ دینے پر پنجاب حکومت متحدہ عرب امارات کی مشکور ہے۔شیخ زید ہسپتال میں سٹاف کی مستقل تعیناتی سمیت حل طلب مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ہسپتال میں مریضوں کے لوڈ کو کم کرنے کے لئے مقامی سطح پر موجود ہیلتھ سروسز کی بہتری پر توجہ دی جائے۔ صوبائی مشیر صحت نے کہا کہ بنیادی، دیہی مراکز صحت اور تحصیل ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، ادویات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنائی جائے۔دہلیز پر صحت سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے۔ مقامی ہسپتال ذمہ دارانہ کردار ادا کریں گے تو ضلع کے ہسپتالوں میں مریضوں کا لوڈ کم ہو گا۔انہوں   نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے صحت سہولیات میں بہتری کے لئے جو تجاویز دی گئی ہیں وہ وزیر اعلیٰ پنجاب تک پہنچائی جائیں گی۔