لاہور، 5 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے ماس (Mass ) فارما فیکٹری کا دورہ کیا۔ ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول قلندر خان، چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر صحت نے ماس فارما فیکٹری میں میڈیسن کی تیاری کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔ خواجہ عمران نذیر نے مختلف شعبہ جات دیکھے، ٹیبلٹس، کیپسول اور انجیکشن، کریم اور مرہم کی تیاری کے نظام کا معائنہ کیا اس کے علاؤہ صوبائی وزیر نے مینوفیکچرنگ نظام اور کوالٹی کنٹرول لیب کا تفصیلی معائنہ کیا ۔
ادویات کی تیاری سے قبل اور بعد میں کوالٹی کنٹرول، حفظان صحت کے اصولوں کا بھی جائزہ لیا ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت معیاری ادویات کی دستیابی کے لئے مقامی فارما انڈسٹری کو مکمل سپورٹ کرے گی۔
معیاری و سستی ادویات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مقامی فارما انڈسٹری کا قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ہے۔ اس موقع پر ماس فارما فیکٹری کے سی ای او خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ عمر زیب اکرم بھی موجود تھے۔