ملتان 17 جولائی (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے ،ماتمی جلوس اور مجالس کا شیڈول کے مطابق پرامن ماحول میں بروقت آغاز کردیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے ماتمی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے ماتمی جلوسوں کی سیکورٹی اور انتظامات کی تفصیلی انسپکشن کی اوربریفنگ لی۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے جلوس منتظمین سے ملاقات کی اور کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی مثالی صورتحال ہے،سکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر 116 جلوس اور 130 مجالس منعقد کی جائیں گی ، 21 حساس جلوسوں اور 81 حساس مجالس پر اضافی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے۔
سی پی او نے کہا کہ محرم روٹس پر 6 ہزار سے زائد پولیس نفری خدمات سرانجام دے رہی ہے ، جلوس و مجالس پر 180 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا قانون ہاتھ میں لینے اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق اور ایس پی آپریشنز محمد ارسلان نے بریفنگ دی۔