ملتان، 16 جولائی(اے پی پی):ضلع بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس و مجالس پرامن ماحول میں جاری ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی ریڈ الرٹ ،رینجرز اور سیکورٹی فورسز کے روٹس پر گشت جاری و ساری ہے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او نے ممتاز آباد کے مرکزی ماتمی جلوس کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر، سی پی او نے سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کی اور بریفنگ لی۔
ڈپٹی کمشنر نے سول ڈیفنس ،ریسکیو،ہیلتھ کیمپس کا معائنہ اور عزاداروں سے ملاقات کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق اور ضلعی حکام نے انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کیمپ میں بیٹھ کر جلوس کا معائنہ کیا اور سبیل بھی چلائی اور کہا کہ 09 محرم الحرام کا مرکزی جلوس وقت مقررہ پر شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں بھرپور انتظامات بروقت مکمل کر لیے گئے ہیں،کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندی اور نقص امن پیدا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیاجائے گا۔
سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس کسی بھی واقعے سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کا مکمل تعاون حاصل ہے۔