ملتان، 18جولائی(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ملتان چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے ملتان میں آئی ٹی پارک کے قیام کے لئے مشترکہ طور پر کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جنوبی پنجاب میں آئی ٹی پارک کےقیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے سفارشات حکومت کو بھجوانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ یقین دہانی اے سی ایس آفس ملاقات کے لئے آنیوالے ملتان چیمبر آف کامرس کے وفد کو کرائی گئی۔ صدر میاں راشد اقبال،نائب صدر شیخ عاصم سعید، چیمبر کے سابق صدرخواجہ محمدحسین اور سیکرٹری محمد شفیق وفد میں شامل تھے۔سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تعلیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر مستقل کے لئے نوجوان نسل کو آئی ٹی کی تعلیم سے لیس کرنا ہوگا جس کے لئے جنوبی پنجاب میں آئی ٹی پارک کا قیام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ آئی ٹی پارک کے قیام کے لئے حکومت کو سفارشات ارسال کرے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تمام شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلجینس کا استعمال نہ لایا گیا تو ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے اس لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کےذریعے زراعت کی ترقی کے حوالے سے بہت جلد ایک سیمینار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر بتایا کہ جلال پور پیروالا میں سی پیک کے تحت سپیشل انڈسٹریل زون کے قیام کے لئے زمین حاصل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی سہولت کے لئے ملتان میں قائم بزنس فسیلی ٹیشن سنٹر بہترین کام کر رہا ہے جبکہ عوام کو گھر کی دہلیز پر مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر “دستک” ایپ بھی لانچ کردی گئ ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ملتان چیمبر آف کامرس جنوبی پنجاب میں قائم ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن کے لئے کاوشیں کرے تاکہ جنوبی پنجاب میں سپننگ کے علاوہ ویونگ، ڈائینگ اور سٹچنگ انڈسٹری قائم ہو اور نوجوانوں پر روزگار کےنئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کی ترقی کے لئے ملتان چیمبر آف کامرس کی آواز بنے گا۔
فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر چینی انجینئرز کو انتہائی ہائی لیول کی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔اسی طرح سرمایہ کاری کے لئے جنوبی پنجاب آنے والے چائنیز کو بھی اسی لیول کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ملتان چیمبر آف کامرس کے وفد نے آئی ٹی پارک کے قیام پر زور دیا اور بتایا کہ موجودہ دور میں بزنس کا مستقبل آئی ٹی سے وابستہ ہے جبکہ آئی ٹی پارک کے قیام سے خطے کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم کے لئے دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
وفد نے ملتان کے بڑے ہسپتال میں سپائنل سرجری کے شعبہ کے قیام کا مطالبہ بھی کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کے دوران مارکیٹوں کو بند نہ کرنے کی رائے بھی دی۔