اسلام آباد،16جولائی(اے پی پی):حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اُن کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں نو محرم الحرام آج ملک بھر میں پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں مجالس عزا ء کا انعقاد کیا جائے گا اور تعزیے اور عَلم کے جلوس برآمد ہوں گے۔
اسلام آباد پولیس نے نو محرم کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ امام بارگاہ اثنائے عشری جی سکس ٹو سے نو محرم الحرام کا جلوس برآمد ہو گا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بار گاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کی پُرامن روانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔فضل حق روڈ، پولی کلینک سے کلثوم پلازہ تک ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کلثوم پلازہ سے چائنا چوک تک سفر کے لئے جناح ایونیو استعمال کریں۔
اقبال ہال سے میلوڈی چوک تک صدر روڈ دونوں طرف سے ٹریفک کیلئے بند ہو گا۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ آبپارہ سہروردی روڈ متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں۔شہریوں کو جلوس کے دوران متبادل راستے استعمال کرنے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔