حب،11 جولائی (اے پی پی ): پاکستان مسلم لیگ (ن) و ممبر صوبائی اسمبلی بلوچستان نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے ایس ایس پی آفس ضلع لسبیلہ بمقام ہیڈکوارٹر اوتھل کا دورہ کیا۔ایس ایس پی آفس آمد پر کیپٹن (ر) نوید عالم لسبیلہ نے نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی کا استقبال کیا ۔
ممبر صوبائی اسمبلی بلوچستان نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے یادگار شہداء پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور لسبیلہ پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ایس ایس پی لسبیلہ نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور لسبیلہ پولیس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر ممبر صوبائی اسمبلی نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس کے بعد ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے عیدالاضحیٰ کی رات پولیس موبائل اسکواڈ حادثہ میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے گھر جاکر ان کے لواحقین سے تعزیت کرکے اظہار افسوس کیا۔ایس ایس پی لسبیلہ کیپٹن (ر) نوید عالم نے جوانوں کی شہادت پر تعزیت و اظہار افسوس پر معزز ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ یہ دورہ ھمارے جوانوں کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی شہادت سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ان کی حمایت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے ضلع لسبیلہ کی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر تحصیل اوتھل کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے لسبیلہ یونیورسٹی، بی آر سی کالج اوتھل کے افسران سے ملاقات کرکے مسائل معلوم کیے۔ سرکٹ ہاؤس اوتھل میں ضلع لسبیلہ کے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور کارکردگی معلوم کی۔ تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی اور مسائل سے اگاہ کیا ۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی میر زرین خان مگسی نے تمام سرکاری محکموں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ گڈ گورننس کے تحت تمام محکموں میں بہتری لانے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش بھی ہے کہ ضلع لسبیلہ میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر عوام کو بنیادی تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائے اس کے لیے حکومت بلوچستان بہتر اقدامات کر رہی ہے ۔