موسمیاتی خطرات اور آفات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آرٹ ایک طاقتور ذریعہ ہے: رومینہ خورشیید

13

اسلام آباد۔3 جولائی (اے پی پی):رومینہ خورشید عالم، وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ، نے موسمیاتی خطرات اور آفات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں فن کی طاقت پر زور دیا۔

آف گرڈ اسٹوڈیو کی آرٹ نمائش کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون نے کہا کہ نمائش میں دکھائے گئے فن پارے ماحولیاتی حامیوں کے جذبے اور لگن کی عکاسی کرتے ہیں جو اجتماعی کارروائی کی فوری ضرورت کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہیں۔

انہوں کے آگاہ کیا کہ آرٹ میں پیچیدہ مسائل کو اس انداز سے پیش کرنے کی صلاحیت موجود ہے جو لوگوں کو گہرائی سے ہر بات واضح کرتی ہے اور آب و ہوا کے خطرات اور آفات کے بارے میں گہری سمجھ بوجھ کو فروغ دیتی ہے۔کوآرڈینیٹر نے سامعین کواس بات سے آگاہ کیاکہ دبئی میں COP28 میں پاکستان کے پویلین میں، وزارت نے موسمیاتی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے فن کا مظاہرہ کیا، جس نے اس بات کا شعوردیا کہ فن خلا کو پر کر سکتا ہے اور لوگوں کو پائیدارمستقبل کے عزم میں ایک پلیٹ فارم پر جمع کر سکتا ہے۔

رومینہ خورشید نے امید ظاہر کی کہ تخلیقی صلاحیتوں اور تعاون کے ذریعے ہم پائیدار مستقبل کے لیے درکار تبدیلی کو متحرک کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت اس طرح کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے اور ان تمام لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ماحولیات کے تحفظ میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔