اسلام آباد،23جولائی (اے پی پی): نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردووف کی منگل کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی ، جس دوران دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں رہنماوں نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کرنے کے علاوہ عالمی اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان ترکمانستان تعلقات کو مثبت تحریک دینے اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے تعاون، علاقائی روابط اور ثقافتی تعلقات پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ دوطرفہ تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لئے لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔
قبل ازیں دفتر خارجہ پہنچنے پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردووف کا استقبال کیا۔