نصابی کتب کی تیاری اور تقسیم کیلئے قومی نصاب کونسل سیکرٹریٹ نے اپنا کردار  بخوبی سر انجام دیا ہے ، سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم

21

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت  محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ نصابی کتب کی تیاری اور تقسیم کے  لئے قومی نصاب کونسل سیکرٹریٹ نے اپنا کردار  بخوبی سر انجام دیا ہے ، قومی نصاب مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ اسے لاگو کرنے میں بھی اہم کردار کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی نصاب کونسل کے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم کیلئے نئے مضامین کی شمولیت کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔ وفاقی سیکرٹری محی الدین احمد وانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2016 ء  میں جس مقصد کے لئے منصوبہ   شروع کیا گیا تھا آج اس کی کامیابی سے تکمیل ہورہی ہے  ۔ انہوں نے وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کے لئے قومی نصاب کونسل  کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے قومی نصاب (این سی پی ) کے مکمل ہونے والے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور نصابی اصلاحات میں بین الاقوامی معیارات کو آگے بڑھا کر  بچوں کے لئے معیاری تعلیم کے مقصد کو برقرار رکھنے کے لئے صوبائی حکومتوں کے نمائندگا ن کے کردار کو بھی سراہا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی نصاب کی تیاری ایک ملک گیر تعاون پر مبنی عمل تھا جس میں  صوبائی ماہرین نے فعال  کردار ادا کیا اور ان کے تاثرات کو ایک جامع عمل کے ذریعے اکٹھا کیا  گیا۔    انہوں نے  اس سنگ میل  کےحصول کے لئے ڈائریکٹر این سی سی سیکرٹریٹ ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ اقدامات بھی بطریق احسن اختتام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی نصاب کونسل نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایسے نصابی مضامین متعارف کرائے  ہیں جو وقت کی ضرورت تھے مگر ان کی تعلیم کا باقاعدہ کوئی نظام نہیں تھا،معیار تعلیم کو برقرار رکھنے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے 4 2مضامین متعارف کرائے گئے ہیں جن میں ویلڈنگ،موٹر وائنڈنگ،کمپیوٹر ایپلیکیشنز ،پلمبرنگ، آٹو میشن،انٹر پرینور شپ ،فوڈ پروسیسنگ جیسے کئی کورسز شامل ہیں ۔

وفاقی سیکر ٹری نے کہا کہ مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کی خاطر پہلی دفعہ 7 اقلیتی مذاہب  عیسائیت ،ہندو ،سکھ ،کالاشہ، بدھ مت ،بھائی اور  زرتشتی  کے لئے  پہلی سے بارہویں تک نصاب مرتب کرنا ایک مشکل کا م تھا جس کا سہرا قومی نصاب کونسل کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اختیاری مضامین میں بھی 48 نئے مضامین کا اضافہ خوش آئند ہےجن میں ماڈل ڈرائنگ، فائن آرٹ،آرٹ اینڈ ڈیزائن،ہوم نرسنگ اور نیوٹریشن جیسے کورسز شامل ہیں ۔قبل ازیں  سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت  محی ٰالدین احمد وانی  نے قومی نصاب کونسل  سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ۔

ڈائریکٹر قومی نصاب کونسل سیکرٹریٹ ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے  تقریب کے شرکاء سے اظہار تشکر کیا اور جاری و مکمل کاموں پر مبنی تفصیلی بریفنگ دی ۔تقریب میں اسلام آباد کے تعلیمی و تدریسی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی اور اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیم، اور ڈائریکٹر جنرل کینٹ اینڈ گیریثرن نے بھی خطاب کیا اور قومی نصاب کونسل کی کوششوں کو سراہا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاشبہ سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم نے  اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو جدید ترین بنانے کے لئے کو شاں ہیں  اور انشاء اللہ ان کی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی جس سے ہماری نئی نسل اقوام عالم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری تعلیم نے  نصاب کی تیاری کے دوران اہم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو تعریفی اسناد و شیلڈز پیش کیں۔