کراچی،27 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جس کی کل آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے ، اس منفرد اور انتہائی موثر افرادی قوت کو کارآمد بنا کر ہی پاکستان کا مستقبل تابناک بنایا جا سکتا ہے کیونکہ نوجوان ہی ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں اور تعلیم سے ہی ایک مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے محمد علی جناح یونیورسٹی کے 11ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانوو کیشن میں پرو چانسلر پروفیسر سہیل افضل،صدر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ،بورڈ آف گورنرز کے ممبران ، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین بھی شریک تھے۔ چانسلر کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی صورت میں موجود اس قیمتی اثاثہ کو ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، اس ضمن میں تعلیمی اداروں سے درخواست کروں گا کہ وہ ان نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں ، اس وقت پاکستان کی ترقی کا انحصار نوجوانوں کی صلاحیتوں پر ہے۔
گورنر سندھ نے طلباءکو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت، لگن اور جذبہ اس جامعہ کے لیے باعث فخر ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ اسی جذبہ، لگن اور محنت سے معاشرہ کی بہتری میں بھی اپنا حق ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جدید، ترقی یافتہ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تعبیر میرے سامنے موجود ہے، میں یقین سے کہتا ہوں کہ یہ نوجوان اس ملک کا وہ قیمتی اثاثہ ہے جو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سب سے بڑے ضامن ثابت ہوں گے۔ یہ نوجوان پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرکے پوری قوم کے لئے فخر کا باعث بھی بنیں گے۔
گورنر نے کہا کہ آج درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں اعلیٰ معیار کی تعلیم پر بھرپور توجہ دینا ہوگی اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ محمد علی جناح یونیورسٹی ان چیلنجز کے پیش نظر اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
چانسلر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ محمد علی جناح یونیورسٹی کیسکو، گوگل، مائیکروسوفٹ اور سیپ سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں سے مل کر طلباءکی تربیت کر رہی ہے جو کہ قابل تقلید ہے، بلاشبہ عصری تقاضوں کے عین مطابق محمد علی جناح یونیورسٹی اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے انجام دے رہی ہے، جس پر میں محمد علی جناح یونیورسٹی کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میری یہ تجویز ہے کہ محمد علی جناح یونیورسٹی کا دائرہ کار صوبہ کے دیگر حصوں تک بھی بڑھایا جائے۔
چانسلر نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مایوس نہیں ہونا، ہمت، حوصلہ اور جواں جذبوں سے مشکل سے مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھنا ہے ، ہم اور آپ نے مل کر ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔
گورنرکامران خان ٹیسوری نے کانووکیشن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈل بھی تقسیم کئے۔