نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام 35 ویں سینئر مینجمنٹ و 120 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم

15

لاہور،12 جولائی (اے پی پی):نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس و120 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے حوالے سے جمعہ کو  یہاں  اختتامی  تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی ( این ایس پی پی)  ڈاکٹر اعجاز منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہا این ایس پی پی پاکستان میں سول سرونٹس کی تربیت کا معتبر ادارہ ہے جس کا کام پالیسی سازی اور ان پر مختلف سطح پر عملدرآمد کے لیے سول سرونٹس کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی سول سرونٹس کی ٹریننگ اور انہیں گڈ گورننس اور پبلک سروس ڈلیوری کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

 ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا کہ سکول آف پبلک پالیسی ان ہائوس ریسرچ اور تھنک ٹینک کو فروغ دے کر ملک میں پبلک پالیسی ریسرچ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق وفاقی سیکرٹری تسنیم نورانی نے کامیاب شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران کا ملک کو درپیش چیلنجزکا مقابلہ کرنے کے لئے بہترین بین الاقوامی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے، اور مجھے امید ہے کہ یہ کورس اس حوالے سے آپ کو رہنمائی فراہم کرے گا ۔

 واضح رہے کہ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی  پاکستان میں پبلک پالیسی کے لیے ایک ممتاز ادارہ ہے، جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین اور افسروں کو  تربیت فراہم کرتی ہے، تاکہ وہ ملکی، علاقائی اور عالمی چیلنجز کا مؤثر انداز میں سامنا کر سکیں۔ این ایس پی پی کا ایک خودمختار بورڈ آف گورنرز ہے، جس کی سربراہی صدر مملکت کرتے ہیں۔این ایس پی پی  سکیل 18, 19 اور 20  کے صوبائی اور وفاقی افسران کو حکمت عملی ،آپریشنل اور اسٹریٹجک تین سطحوں پر تربیت فراہم کرتا ہے۔

 نیشنل مینجمنٹ کالج 20 ویں سکیل کے افسران کے لیے 18 ہفتوں کا یہ نیشنل مینجمنٹ کورس (این ایم سی) کورس فراہم کرتا ہے، جو 21 ویں سکیل میں ترقی کی شرط ہے اور سال میں دو بار منعقد ہوتا ہے -120 واں نیشنل مینجمنٹ کورس گزشتہ روز ختم ہوگیا، اس کورس میں 49 شرکاء نے شرکت کی- اسی طرح، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور، کراچی، پشاور، اور اسلام آباد سکیل 19 کے  افسران کے لیے سینئر مینجمنٹ کورس (ایس ایم سی ) کورس فراہم کرتے ہیں، جو 16 ہفتے جاری رہتا ہے اور سکیل 20 میں ترقی کی تیاری کرواتا  ہے۔

 35 واں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بھی گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گیا، لاہور میں منعقد ہونے والے اس کورس  میں مختلف سروس گروپ کے 46 شرکاء شامل تھے – اتقریب کے آخر میں  شرکاء کو کورس کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔