نیو یارک،17 جولائی (اے پی پی): ٹیکسورلڈ نیو یارک سٹی، جاؤٹس سنٹر میں ملبوسات کی نمائش کا آغاز ہو گیا ہے،نمائش میں دنیا بھر سے چھ سو سے زائد ملبوسات کی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کررہی ہیں،پاکستان کے تجارتی ترقی کا ادارہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نمائش کے اہتمام میں معاونت کررہا ہے۔نمائش میں پاکستان کی سات کمپنیاں شامل ہیں، نمائش کے پہلے دن خریداروں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
نیو یارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے نیو یارک کے تجارت و سرمایہ کاری قونصلر عدنان اعوان کے ساتھ پاکستانی کمپنیوں کے سٹالوں کا دورہ کیا۔پاکستانی کمپنیوں نے خریداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں ان ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔