دمبولا،22جولائی(اے پی پی): نیپال کے خلاف سنچری اوپننگ پارٹنرشپ کرنے والی ویمن کرکٹرز گل فیروزہ اور منیبہ علی نے گفتگو کرتے ہوئے اپنی عمدہ پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔گل فیروز نے کہا کہ انہوں نے ہر گیند کو میرٹ پر کھیلا اور مثبت اور جارحانہ حکمت عملی سے بیٹنگ کی۔
ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف میچ میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کی نو وکٹوں کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
منیبہ علی نے کہا کہ انہوں نے اس سنچری پارٹنرشپ میں بہت انجوائے کیا اور گل فیروزہ کو سپورٹ کیا جو پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ کررہی تھیں۔
منیبہ علی اور گل فیروزہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ بہت اہم ہے اور وہ اپنی شاندار پرفارمنس کو جاری رکھنے کے لیے پراعتماد ہیں۔