وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت مون سون سیزن سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

23

اسلام آباد، جولائی 7 (اے پی پی): آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت مون سون سیزن کے لئے تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے مسعود الرحمان نے وزیراعظم کو مون سون کی تیاریوں کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف سیکرٹری آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، تمام متعلقہ محکمے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے  اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دیں گے۔

 وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوۓ کہا کہ مون سون کی وجہ سے ہنگامی صورتحال میں کسی بھی متوقع صورتحال کے بارے میں متاثرہ علاقوں میں رہنے والوں کیلیے ایڈوائزری کو یقینی بنایا جائے ۔ آزادکشمیر کے نالوں کے قریب تجاوزات کرنے والوں کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔

 تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے ۔ دریاؤں اور نالوں کے قریب رہنے والوں کو میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات پہنچائی جائیں ۔

 وزیراعظم آزاد کشمیر  نے تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ہیلتھ ایمرجنسی کے لئے تمام  ڈی ایچ اوز ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔