وزیراعظم  شہبازشریف اور وزیراعلیٰ  مریم نواز کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے  ؛سپیکر پنجاب اسمبلی

8

قصور، 23 جولائی (اے پی پی):سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ وزیراعظم  شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے،حکومتی حکمت عملی سے جلدہی مہنگائی پربھی کنٹرول ہوگا،  ایوان میں خاموش تماشائی نہیں بنوں گا، اپوزیشن کے   نامناسب رویوں کا  مقدمہ عوام کے سامنے رکھوں گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ریسٹ ہاؤس قصورمیں پریس کانفرنس  میں کیا۔ انہوں نے  حالیہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے اپوزیشن کے کہنے پر اجلاس بلوایا، ایک دن  کے اجلاس پر ساڑھے تین کروڑ روپے  کے اخراجات ہوتے ہیں جن میں عوام کے    نمائندے ایوان میں بیٹھ کر قانون سازی اور فیصلے  کرتے ہیں، صوبائی اسمبلی کا اجلاس  ریکوزیشن  پر  بلایا گیا تھا۔کئی گھنٹے ہاؤس میں موجود رہا کہ  اپوزیشن کے ارکان ایوان میں آئیں گے، اپوزیشن لیڈر مراعات  تو لیتے ہیں مگر ہاؤس میں نہیں آتے اور بعض ارکان    صرف سفری الاؤنس کے لئے حاضری لگا کر غائب ہو  جاتے ہیں۔میں نے تین دفعہ اپوزیشن کے پاس نمائندے بھیجے  مگر یہ جان بوجھ کر تماشہ دیکھتے رہے۔میں ہوں تو اجلاس چلے گا وگرنہ ڈی چوک جانا ہو گا، یہ   کیا روش ہے ؟ ۔

 ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ کل تک یہ لوگ سنی اتحادکونسل کے تھے ،آج پی ٹی آئی کے بن رہے  ہیں۔انہوں نے کہا کہ لا  ڈیپارٹمنٹ سے      اراکین کے نام لکھ کررائے مانگی ہے،اگر 108 ارکان  کا ضمیر زندہ ہے تو ایک ماہ کی تنخواہیں واپس جمع کرائیں،میرے پاس ا ن کے خلاف کارروائی کے  اختیارات ہیں  لیکن قانون سے رائے لینا بہتر  سمجھتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا قبیلہ سامنے آ گیا ہے جن کے نزدیک قانون کچھ نہیں، یہ اسمبلی کے فلور پر نازیبا  گفتگو کرتے ہیں۔

ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ یہ کہاں لکھاہے کہ ملک کے اثاثوں کو جلادو   اور شہدا  کی تضحیک کرو،ہم نے پی ٹی وی پر حملہ ہوتے ہوئے بھی   دیکھا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں   ایوان کا مقدمہ   لڑ رہا ہوں، یہ اسمبلی میں آنے والے غیر سنجیدہ لوگ ہیں جو خود اجلاس بلوا کر   بھاگ گئے۔پنجاب اسمبلی کے دائر کردہ  36 مقدمات الیکشن ٹریبونل میں ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ میں خاموش تماشائی نہیں بنوں گا اپوزیشن کے چہروں کو اور نامناسب رویوں  کا مقدمہ عوام کے سامنے رکھوں گا، نازیبا گفتگو کرنے والوں   کو بتا  نا چاہتا ہوں کہ میں اسمبلی کا گارڈین ہوں۔جس طرح کی نازیبا زبان ان لوگوں  نے استعمال کی پبلک کر دو تو  یہ  گھر منہ  دکھانے کےقابل نہیں ہوں گے۔میں اپنی ایوان  میں اس کی  اجازت نہیں دوں گا۔میں نے قانون کے متعلقہ  ادارے کو خط لکھا ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ حاضری لگانے والوں کا مقدمہ کیسے عوام کے سامنے پیش کروں۔

ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے۔حکومتی حکمت عملی سے جلدہی مہنگائی پربھی  قابو پا لیا جائے گا۔