وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے ؛رانا مشہود احمد خان

15

 

اسلام آباد، 08 جولائی (اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان   نے کہا  کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے   ، مالی مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے، گزشتہ تین ماہ کے دوران حکومت کی معاشی پالیسیوں اور چین، قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر کے ساتھ اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر دستخط سے پاکستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

پیر کو  “افرادی قوت میں پائیداری ”  کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  حکومت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی وژنری قیادت میں سٹریٹجک پارٹنرشپ اور ٹارگٹڈ پروگرامز کے ذریعے ہنرمندی کی ترقی کے لیے کوششیں تیز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 200,000 نوجوانوں کو جدید کام کی جگہ پر ترقی کے لیے درکار مہارتوں کے ساتھ ہائی ٹیک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پروگراموں میں تربیت دی جائے گی۔”طلبہ کو جدید ترین ٹولز اور ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرکے، اور صنعت کے رہنماؤں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے کر، ہم انہیں کل کی ملازمتوں کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔”

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان   نے مزید کہا کہ  آئندہ پانچ سالوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) انڈسٹری کا حصہ موجودہ 2.5 بلین ڈالر سے بڑھا کر 25 بلین ڈالر تک کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  ہماری مشترکہ کوششیں ایک ہنر مند افرادی قوت کے لیے راہ ہموار کریں گی جو اختراعات اور پیداواری صلاحیت کو آگے بڑھانے کے لیے لیس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کئی انقلابی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اور نوجوانوں کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کر  رہی ہے۔