دوشنبہ ۔2جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ دو طرفہ تعلقات میں بہتری سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مواقع کے نئے راستے کھلیں گے۔ دونوں رہنمائوں نے غزہ میں مزید انسانی زندگیوں کے ضیاع کو روکنے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمہوریہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی۔ سرکاری استقبالیہ تقریب قصر ملت میں منعقد ہوئی۔
قصر ملت پہنچنے پر تاجکستان کے صدر نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ استقبالیہ تقریب کے بعد ون آن ون اور وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ بات چیت کے دوران دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کے وسیع تر امور کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، جغرافیائی مناسبت اور مشترکہ عقیدے پر مبنی ہیں۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں بشمول تجارت اور معیشت، سرمایہ کاری، روابط، ثقافت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، دفاع، انسانی امداد، پارلیمانی تبادلوں اور عوام کی سطح پر روابط میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے موجودہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان تاجکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے سٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کیے جو دو طرفہ تعلقات کو طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر لے جائے گا۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ دو طرفہ تعلقات میں بہتری سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مواقع کے نئے راستے کھلیں گے۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے لیے، دونوں فریقوں نے ہوا بازی، سفارت کاری، تعلیم، کھیل، عوام سے عوام کے روابط، صنعتی تعاون، سیاحت وغیرہ کے شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔
وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے غزہ میں جاری صورتحال پر بھی اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا جہاں اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کی جانیں جا چکی ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تشدد کے خاتمے اور خطے میں امن قائم کرنے کے لیے کوششوں کو دوگنا کرے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجکستان کے صدر کی دعوت پر تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
قبل ازیں دوشنبہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے تاجکستان کے دو روزہ دورے نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دی ہے۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں قصر ملت کے علاوہ اسماعیل سامانی کی یادگار اور قصر نوروز کا دورہ بھی کیا۔