اسلام آباد، 19 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اﷲنے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کی ہر فورم پر بھرپور مذمت کی ہے، فلسطینیوں کی امداد کیلئے ایک ہزار ٹن امدادی سامان روانہ کیا جائے گا، اسرائیلی مصنوعات کا استعمال روکنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، مظلوم فلسطینیوں کی مدد اور ان پر مظالم رکوانے کیلئے جو کچھ ممکن ہو سکا، کریں گے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اﷲنے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک لبیک کے رہنماﺅں کے ہمراہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک کے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کو سراہتے ہیں، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف احتجاج میں موجود حافظ سعد رضوی کے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امداد اور اسرائیل کی مذمت کے حوالے سے مطالبات تھے، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنایا اور مسلم امہ سمیت پوری دنیا کو فلسطین میں مظالم بند کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومت 31 جولائی سے پہلے فلسطین کے لئے امداد کی کھیپ روانہ کرے گی، ایک ہزار ٹن سے زائد خوراک اور دیگر امدادی سامان غزہ بھجوایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غزہ پر حملے کے بعد اسرائیل دہشت گرد ملک کے طور پر سامنے آیا ہے، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، نیتن یاہو دہشت گرد ہے، ہمارا اقوام عالم سے مطالبہ ہے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ حکومت فلسطین کے مسلمانوں کی مدد کے لئے اپنی کاوشیں بلا تعطل جاری رکھے گی جبکہ تحریک لبیک بھی ان کوششوں میں اپنی معاونت فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے متعلقہ مصنوعات اور پروڈکٹس اور اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔