لاہور،16 جولائی(اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر پورے صوبے میں عزاداروں اور جلوس میں شریک عوام کے لئےسبیلیں اور کھانے کا اہتمام کیا گیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سبیلیں لگائی گئیں۔ یوم عاشور میں جلوسوں اور عزاداروں کے لئے خصوصی سبیلوں کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیاگیا، ضلعی انتظامیہ نے دیگر اداروں کے اشتراک سے سبیلوں کے انتظامات رات گئے مکمل کئے۔ٹھنڈے پانی اور مشروبات سے عزاداروں کی تواضع کا سلسلہ جاری ہے۔ کھانے کے پیکٹ اور مشروبات جلوس کے شرکاءمیں تقسیم کیے گئے ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پرجلوسوں میں شریک خواتین، بزرگوں اور بچوں کی خدمت کے لئے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔ایمولنس اور طبی عملہ بھی عزاداروں کی دیکھ بھال اور مدد کے لئے متحرک رہا۔شدید گرمی میں عزاداروں کے لئے سہولیات کا خصوصی انتظام کرنے پر شرکاءنے وزیراعلی پنجاب کے اس اقدام کو سراہا۔
وزیراعلی پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ یوم عاشور کے ایام میں سبیلوں اور لنگر کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔