پشاور، 8جولائی(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور سے وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کے طریقوں پر گفتگو ہوئی۔
وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود انسداد پولیو مہمات کی نگرانی کر رہے ہیں اور موجودہ حکومت پولیو سے پاک صوبے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے اور یہ سیاست سے بالاتر ہے۔ یہ ہماری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کا معاملہ ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ رواں سال اب تک صوبے میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
امن و امان کے مسائل والے علاقوں میں انسداد پولیو مہمات کو کامیاب بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ نے معمول کے طریقہ کار سے ہٹ کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی مسائل کا مقامی حل سب سے بہترین طریقہ ہے اور اس مقصد کے لئے انہوں نے نیشنل پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس میں تجاویز دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ جو لوگ انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کرتے ہیں وہ پولیو ویکسین کے مخالف نہیں بلکہ ان کے کچھ بنیادی مسائل ہیں جنھیں حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پولیو ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کیا اور اعلان کیا کہ ان کے ورثاء کو مفت پلاٹ فراہم کئے جائیں گے۔
سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے وزیر اعلیٰ کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی نگرانی میں صوبے میں انسداد پولیو مہمات کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر ایک ٹیم کی طرح کام کریں گی تاکہ صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ملاقات میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔