وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ، محرم الحرام کی سکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ

15

پشاور، 16جولائی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے محکمہ داخلہ میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دسویں محرم کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران متعلقہ حکام نے وزیر اعلیٰ کو سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلی کو سکیورٹی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کل 14 اضلاع میں منعقد ہو رہی ہیں، جن میں آٹھ اضلاع حساس ترین اور چھ حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ صوبے میں کل 7054 مجالس اور 858 جلوس منعقد ہونگے، اور سکیورٹی کے لئے 40 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ سکیورٹی عملے میں پولیس، پاک فوج، ایف سی کے خصوصی دستے اور دیگر سول محکموں کے اہلکار شامل ہیں۔تمام جلوسوں کے راستوں کی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اور مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں لائیو مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن کا مؤثر نظام قائم ہے۔ پولیس اور فوج سمیت دیگر اداروں کے نمائندے 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہیں، اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوئیک رسپانس میکنزم بھی موجود ہے۔بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے انتظامات اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے خان رازق شہید پولیس اسٹیشن قصہ خوانی اور کوہاٹی گیٹ میں قائم سپریم کمانڈ پوسٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہیں مجالس اور جلوس والے مقامات پر صفائی ستھرائی اور زخمیوں کو بر وقت فرسٹ ایڈ کی فراہمی سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے محرم الحرام اور عاشورہ کے لئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور سول محکموں کے اہلکاروں کے لئے اعزازیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ محرم الحرام پر امن انداز میں گزرے گا اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور شہری فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو قائم رکھنے میں کردار ادا کریں گے۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔