وسط ایشیائی ممالک کیساتھ متعدد امور میں تعاون پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا؛ فیصل کریم کنڈی

11

دوشنبہ،03 جولائی(اے پی پی ): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وسط ایشاء کے ممالک سے متعدد امور میں تعاون پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجکستان میں دنیا کے سب اونچے انسانی ساختہ قدیم ڈیم  نوریک ڈیم اور پاور اسٹیشن کے دورہ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر تاجکستان کی وزارت توانائی کے حکام نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دارالحکومت دوشنبہ سے تقریباً 75 کلومیٹر دور یہ دنیا کے بلند ترین ڈیموں میں سے ایک ہے، یہ تاجکستان میں دریائے وخش پر زمین سے بھرنے والا پشتے کا ڈیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اس کا بنیادی مقصد ہائیڈرو الیکٹرک پاور جنریشن ہے اور اس کے پاور سٹیشن کی نصب صلاحیت 3,015 میگاواٹ ہے۔  ڈیم کی تعمیر 1961 میں شروع ہوئی اور پاور سٹیشن کا پہلا جنریٹر 1972 میں شروع ہوا۔ آخری جنریٹر 1979 میں شروع ہوا اور پورا منصوبہ 1980 میں مکمل ہوا یہ فی الحال دنیا کا دوسرا سب سے اونچا انسانی ساختہ منصوبہ ہے۔

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منصوبہ پر تاجک حکام ، منصوبہ سازوں اور انجنیئرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خیبرپختونخوا میں توانائی کی متعدد مجوزہ منصوبوں کے حوالہ سے بات چیت کی ، تاجکستان کی وزارت توانائی کے حکام نے اس حوالہ سے انہیں اپنے بھرپور تکنیکی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔