اسلام آباد،12جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی علاقہ جات و کشمیر امور و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے افغانستان کے ناظم الامور سردار احمد خان شاکب نے جمعہ کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ ہماری دیرینہ دوستی اور تعاون کو خاص طور پر افغان مہاجرین سے متعلق مسائل کے حل میں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صورتحال کو تسلیم کرتے ہوئے، پاکستان نے پی او آر کارڈ ہولڈرز کے قیام میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں اور عوام کی بھلائی کے لیے امن کی بحالی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کی پاکستان میں رہائش پذیر اپنے شہریوں کے لیے طویل مدتی حل کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں، واپسی کے ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے انکی واپسی پر ان کی فلاح و بہبود اور انضمام کو یقینی بنایا جائے۔
افغانستان کے ناظم الامور سردار احمد خان شکیب نے پی او آر کارڈ کی مدت میں ایک سال کی توسیع پر وفاقی وزیر سیفران اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گزشتہ 4 دہائیوں اور اس سے زیادہ عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری سیفران ظفر حسن، جوائنٹ سیکرٹری مہاجرین آغا وسیم احمد، چیف کمشنر افغان مہاجرین محمد عباس خان اور کمشنر افغان مہاجرین شکیل محمد خان صافی بھی موجود تھے۔