وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن کی ملاقات

19

اسلام آباد، جولائی 05 (اے پی پی):  وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے آج قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے ملاقات کی جس میں  باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر  قازقستان کے سفیر  نے وفاقی وزیر کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی پیشکش کی اور  12 ملکوں کے ٹریڈ اینڈ لاجسٹک فورم میں شرکت کی دعوت  بھی دی ۔ پہلا ٹرانسپورٹ ٹریڈ اینڈ لاجسٹک فورم ”نارتھ ساؤتھ” 19 اور 20 جولائی کو قازقستان کے شہر اکتاء میں ہو گا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا  کہ ریجن میں موجود ممالک کو باہم تجارتی اور کاروباری رابطوں کو فروغ دیناہوگا،  پاکستان تمام وسط ایشیائی ریاستوں سے دو طرفہ تجارت اور کاروبار کا فروغ  اور فضائی، ریل اور روڈ تینوں ذرائع سے رابطوں میں اضافہ چاہتا ہے ۔

سفیر یرزہان کستافن نے کہا کہ  قازقستان دبئی کی برآمدات کے لئے کراچی کی بندرگاہ استعمال کر رہا ہے،  قازقستان پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت تمام امور میں عملی پیش رفت کرے گا۔