اسلام آباد،23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور مذہبی تعلیم سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا اور مذہبی، روحانی و سماجی خدمات کے مرکز کے طور پر مسجد کے کردار کو بڑھانے کے حوالے سے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ دینی تعلیم سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔
مصر کے سفیر نے پنجاب میں مذہبی تعلیم دینے کے لیے الازہر یونیورسٹی سے الحاق شدہ ادارہ قائم کرنے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کہ مصر کے 11 پروفیسرز پہلے ہی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں مختلف فیکلٹیز میں پڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کو مصر میں خواتین کے کردار سے متعلق کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔