“پاکستان اور امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے” کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس

12

اسلام آباد، 24 جولائی (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی)  کیجانب سے   بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (بی این یو) لاہور کے تعاون سے بین الاقوامی کانفرنس “پاکستان اور امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانا” کا انعقاد کیا  گیا۔

 کانفرنس  سے  خطاب میں   پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر بات کرتے ہوئےامریکہ کی جانب سے پاکستان کی صلاحیتوں بالخصوص اس کی متحرک نوجوان آبادی اور اقتصادی مواقع کے اعتراف پر روشنی ڈالی۔     سفیر بلوم نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور علاقائی خطرات کا مقابلہ کرنے، اقتصادی تعاون، قابل تجدید توانائی، موسمیاتی انتظام اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی حمایت کے لیے امریکہ کے عزم کو اجاگر کیا۔    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری سلامتی سے بالاتر ہے اور اس میں صحت، تجارت اور ترقی کے شعبوں میں اہم سرمایہ کاری شامل ہے۔

سفیر مریم مدیحہ آفتاب، ایڈیشنل سیکرٹری (امریکہ) وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات متحرک اور کثیر جہتی ہیں جو کہ صحت، تجارت، دفاع اور توانائی کے تحفظ جیسے شعبوں پر محیط ہیں۔  انہوں نے اقتصادی تعاون، سیکورٹی تعاون، تعلیمی تبادلوں اور موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر سہیل محمود نے پاکستان امریکہ کی تاریخی اور موجودہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا. انہوں نے شراکت داری کی ابھرتی ہوئی نوعیت کو تسلیم کیا، جس میں سلامتی سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور لوگوں کے درمیان تبادلے جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔