اسلام آباد،24جولائی(اے پی پی):پاکستان اور ترکمانستان نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ تاپی پائپ لائن پروجیکٹ توانائی کی لاگت کو کم کرے گا،صنعتی ترقی کو فروغ دے گا، ملازمتیں پیدا کرے گا اور اقتصادی ترقی میں مدد فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد مریدوف کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ترکمان وفد میں وزارت خارجہ بین الاقوامی اقتصادی تعاون ڈویژن کے سربراہ آتا حلجانوف، ترکمانستان کے وزارت خارجہ کے قانونی شعبے کے سربراہ عیزیز نازروف، چیئرمین بورڈ اور سی ای او، ٹی اے پی آئی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈمحمدمیرات آمانوف ، ترکمانستان کے سفیر برائے پاکستان آتاجان موولاموف اور ترکمانستان کے سفارتخانے کے تیسرے سکریٹری ایلدار پرمانوف شامل تھے۔ایڈیشنل سیکرٹری حسن یوسفزئی، جوائنٹ سیکرٹری شہباز طاہر، اور ایم ڈی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم لمیٹڈ ندیم باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے ترکمان وفد کا خیرمقدم کیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاپی پائپ لائن پروجیکٹ توانائی کی لاگت کو کم کرے گا جو صنعتی ترقی کو فروغ دے گا، ملازمتیں پیدا کرے گا اور اقتصادی ترقی میں مدد فراہم کرے گا، قابل اعتماد اور سستی توانائی کی فراہمی صنعتی شعبوں اور مجموعی اقتصادی استحکام کے لئے بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ اقتصادی ترقی اور توانائی کی حفاظت کو فروغ دینے کے لئے ہے، اور دونوں ممالک کی مسلسل کوششوں اور تعاون سے اس میں قابلِ ذکر پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس منصوبے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے جو علاقائی توانائی کے تعاون اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے اہم ہے۔
ترکمانی وزیر خارجہ راشد مریدوف نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے روڈ میپ کی تخلیق پر کام کریں گے۔ تاپی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ کے سی ای اومحمدمیرات آمانوف نے کہا کہ پٹرولیم وزیر اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی خصوصی دلچسپی کی بدولت تاپی منصوبے نے نمایاں پیشرفت کی ہے اور درست سمت پر ہے۔
دونوں ممالک کے وفد نے منصوبےکی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی روابط کو فروغ دینے، اقتصادی ترقی کو بڑھانے اور شرکت کرنے والے ممالک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے جاری تعاون اور باہمی حمایت پر زور دیا تاکہ باقی چیلنجز کو عبور کیا جا سکے۔ مسلسل سفارتی کوششیں اور سیاسی عزم پروجیکٹ کی ترقی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مددگار ہیں۔تاپی پروجیکٹ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کا ثبوت ہے جو پائیدار توانائی کے حل کے ذریعے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کی عکاسی کرتا ہے۔