اسلام آباد، 25 جولائی(اے پی پی): پاکستان ریلویز کی جانب سے خیبرمیل ایکسپریس میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اب خیبرمیل ایکسپریس کے کراچی سے لاہور تک کے مسافر نئی ڈائننگ کار کی سہولیات سے محظوظ ہو سکیں گے۔
اس حوالے سے سی ای او ریلویز عامر بلوچ نے کہا کہ نئی کار میں سیٹس کو مزیدکشادہ بنایا گیا ہے،ڈائننگ کار میں مسافروں کے لیے نماز کی جگہ بھی مختص کی گئی ہے،ڈائننگ کار میں 40 کےقریب کھانےموجود ہوں گے۔کار کے مینیو میں دیسی، اٹالین اور فاسٹ فوڈ آ ئٹمز شامل ہیں۔ڈائننگ کار میں بیک وقت 34 مسافر کھانا کھا سکیں گے۔ستمبر تک علامہ اقبال ایکسپریس میں بھی نئی ڈائننگ کار لگا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بہاءالدین زکریااور تیزگام ایکسپریس میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار لگائی گئی تھی۔ڈائننگ کار میں کھانوں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا ۔