پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ

10

سیالکوٹ،9جولائی  (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا اور سیالکوٹ میں فٹ بال کے فروغ  کے لیے  کئے  گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف سیالکوٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر جلد ہی سیالکوٹ میں علاقائی اور صوبائی سطح  پر  فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

 اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک نے ملک بھر میں فٹ بال کے فروغ پر چیئرمین ہارون ملک کی کوششوں  کو سراہا۔ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں قومی فٹ بال ٹیم کی کارکردگی اور پاکستان میں کوالیفائر میچوں کے کامیاب انعقاد کو فیڈریشن کی موثر قیادت کا مظہر قرار دیا۔ بعد ازاں چیئرمین پی ایف ایف این سی  نے سیالکوٹ میں فارورڈز سپورٹس کا دورہ بھی کیا ۔

 اس موقع پر چیف ایگزیکٹو فارورڈز سپورٹس خواجہ مسعود اختر نے  انہیں شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر   سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر  وہاب جہانگیر، نائب صدر  عامر مجید شیخ اور سیالکوٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد اخلاق موجود تھے۔