پاکستان کا صنعتی شعبہ بہت باصلاحیت ہے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے؛ جام کمال

21

اسلام آباد،25جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا صنعتی شعبہ بہت باصلاحیت ہے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔

آج لیب ڈائیگنوسٹک سسٹمز  اور ہینگ زو اے آئی چیک  میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

معاہدے کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی مشترکہ کوششوں سے نہ صرف چین اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ خود انحصاری کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔  انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم  ہے ۔

جام کمال نے کہا کہ یہ تعاون حکومت کے 2030 تک ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے وژن کے مطابق ہے اور پاکستان میں جدید طبی ٹیکنالوجی اور جدید صحت کی دیکھ بھال کے حل کے نئے دور کا آغاز  ہے۔